28 نومبر، 2026، 12:12 PM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

کثیرالجہتی سفارت کاری؛ نئے عالمی نظام میں اپنی پوزیشن ازسرِنو متعین کرنے کی ایران کی حکمتِ عملی

کثیرالجہتی سفارت کاری؛ نئے عالمی نظام میں اپنی پوزیشن ازسرِنو متعین کرنے کی ایران کی حکمتِ عملی

ایران کی میزبانی میں منعقد ہونے والا ایکو سربراہی اجلاس محض ایک رسمی تقریب سے کہیں بڑھ کر ایک موقع ہے۔ ۱۰ رکن ممالک پر مشتمل ایکو خطے میں اقتصادی ہم آہنگی کے مؤثر پلیٹ فارموں میں سے ایک بننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی، سیاسی ڈیسک: اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کے سربراہی اجلاس ۳ اور ۴ دسمبر کو تہران میں انعقاد، ایران کے لیے علاقائی تعاون کی صلاحیتوں کو ازسرِنو متعین کرنے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اقتصادی و سلامتی کے روابط مضبوط بنانے کا ایک موقع ہے۔ یہ اجلاس رکن ممالک کے سربراہان کی شرکت اور خصوصی مہمانوں کی ممکنہ موجودگی کے ساتھ ایران کی کثیرالجہتی سفارت کاری کو متحرک کرنے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

ایران کے علاقائی تنظیموں، مثلاً شنگھائی تعاون تنظیم، یوریشین اقتصادی یونین اور ایکو کے ساتھ تعلقات میں توسیع محض ایک سفارتی طرزِ عمل سے بڑھ کر ہے۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ تہران قومی سلامتی، اقتصادی مفادات اور علاقائی کثیرالجہتی انتظامات کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ ایسی حکمتِ عملی ہے جو پابندیوں کے محدود کرنے والے اثرات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ نئے عالمی نظام کے معاملات میں ایران کے کردار ادا کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ کر سکتی ہے۔

اسی تناظر میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اعلان کیا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کا دورہ جاتی سربراہی اجلاس 3 اور 4 دسمبر کو تہران میں منعقد ہوگا۔

انہوں نے گزشتہ دنوں پاکستان میں ایکو کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس نشست میں منظور ہونے والی قراردادوں کی سربراہی اجلاس میں توثیق کی جائے گی۔

بقائی کے مطابق، تہران اجلاس کے بیشتر شرکاء سربراہانِ مملکت کی سطح پر ہوں گے اور امکان ہے کہ ایران بعض خصوصی مہمانوں کی بھی میزبانی کرے گا۔

علاقائی سفارت کاری ایران کی چودہویں حکومت کی حکمتِ عملی کے بنیادی محوروں میں سے ایک بن چکی ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم میں فعال شرکت، یوریشین اقتصادی یونین کے ساتھ روابط اور اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کی صلاحیتوں کو بحال کرنے کی کوششیں، اس بات کی نشانیاں ہیں کہ ایران قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کثیرالجہتی سفارت کاری اور اس کے طریقۂ کار سے استفادے کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اس دوران ایران کی میزبانی میں منعقد ہونے والا ایکو سربراہی اجلاس محض ایک رسمی تقریب سے کہیں بڑھ کر اہمیت رکھتا ہے۔ ۱۰ رکن ممالک پر مشتمل ایکو کو توانائی، تجارت، ٹرانزٹ اور سیاحت کے شعبوں میں قابلِ ذکر صلاحیتیں حاصل ہیں اور اسے ایسی پوزیشن حاصل ہے کہ وہ خطے میں اقتصادی ہم آہنگی کے مؤثر پلیٹ فارموں میں سے ایک بن سکتی ہے؛ تاہم ان صلاحیتوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے انتظامی رکاوٹوں کو عبور کرنا اور سیاسی معاہدوں کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔

یہ اجلاس ایسی تنظیم کی اقتصادی اور سیاسی صلاحیتوں کی بحالی کی راہ ہموار کر سکتا ہے جو اپنے ارکان کے درمیان جغرافیائی، تاریخی اور ثقافتی مشترکات کے باوجود اب تک علاقائی معاملات میں اپنا حقیقی مقام حاصل نہیں کر سکی ہے۔

اس موضوع کی اہمیت اس وقت مزید واضح ہو جاتی ہے جب ہم یہ جانتے ہیں کہ ایکو کے رکن ممالک توانائی، ٹرانزٹ، تجارت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ ان صلاحیتوں کو فعال بنانے سے اقتصادی تعاون کا ایسا نیٹ ورک تشکیل پا سکتا ہے جو ایک طرف تعمیری باہمی انحصار میں اضافہ کرے گا اور دوسری طرف خطے کے ممالک کی معیشتوں کو بیرونی دباؤ کے مقابلے میں زیادہ مستحکم اور مضبوط بنائے گا۔

دوسری جانب یوریشین اقتصادی یونین کے ساتھ ایران کے روابط اور روس سمیت اس اتحاد کے دیگر ارکان کے ساتھ تعلقات کی توسیع، ملک کی اقتصادی سفارت کاری میں تزویراتی اہمیت کی حامل ہے۔ ایران اور اس یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ، اگر اس کی صلاحیتوں سے مؤثر طور پر استفادہ کیا جائے، تو برآمدی منڈیوں کی توسیع، تجارتی لین دین میں سہولت اور ایران کی بیرونی تجارت کے لیے متبادل راستے فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اس طرح علاقائی تعاون سیاسی مفاہمتوں کی سطح سے آگے بڑھ کر ملک کی اقتصادی قوت کو مضبوط بنانے کا ایک عملی ذریعہ بن جاتا ہے۔

تاہم علاقائی تنظیموں کی رکنیت کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے اعلانیہ سفارت کاری سے آگے بڑھ کر عملی تعاون کی جانب پیش رفت ضروری ہے۔ بینکاری اور کسٹم کی رکاوٹوں کا خاتمہ، ٹرانزٹ کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ویزوں کے اجرا میں سہولت، تجارتی ضوابط میں ہم آہنگی اور مشترکہ منصوبوں کی وضاحت ان بنیادی تقاضوں میں شامل ہیں جو ان رکنیتوں کی افادیت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

مجموعی طور پر تہران میں 3 اور 4 دسمبر کو ہونے والے اجلاس کو ایران کی علاقائی سفارت کاری کی اس صلاحیت کو جانچنے کا ایک موقع قرار دیا جا سکتا ہے کہ وہ سیاسی روابط کو اقتصادی اور سلامتی کے شعبوں میں ٹھوس کامیابیوں میں کس حد تک تبدیل کر سکتی ہے۔ اس موقع سے استفادے کا طریقۂ کار اور معاہدوں پر عمل درآمد کی سطح ہی اس بات کا تعین کرے گی کہ ایکو علاقائی ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور کثیرالجہتی انتظامات میں ایران کے کردار کو بڑھانے میں کس حد تک مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

News ID 1943178

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha